یوم یکجہتی کشمیر نشست کی جھلکیاں

05 فروری 2012
لاہور (شعیب الدین) O ....یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام خصوصی نشست میں کالجوں کی طلبہ و طالبات نے سرکاری چھٹی کے باوجود بڑی تعداد میں شرکت کی۔ O ....تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔ O ....سٹیج پر مجید نظامی، بیگم ثریا کے ایچ خورشید، نعیم حسین چٹھہ، میاں فاروق الطاف، بریگیڈئر (ر) حامد سعید اختر، سید نصیب اللہ گردیزی، مرزا صادق جرال، بریگیڈئر (ر) ظفر اقبال، پروفیسر ڈاکٹر ایم اے صوفی، بیگم مہناز رفیع، کرنل (ر) اکرام اللہ، پروفیسر مظفر مرزا، غلام نبی لون، عزیز ظفر آزاد، یاسین وٹو، رفاقت ریاض موجود تھے۔ O ....نظامت کے فرائض شاہد رشید نے انجام دئیے۔ O ....تلاوت کی سعادت قاری امجد علی اور بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت الحاج اختر حسین قریشی نے حاصل کی۔ O ....مجید نظامی ہال میں داخل ہوئے تو وہاں تمام افراد نے کھڑے ہوکر ان کا استقبال کیا۔ O ....مجید نظامی تقریر کرنے کیلئے کھڑے ہوئے تو دیر تک تالیاں بجتی رہیں۔ O ....مجید نظامی نے طلبہ و طالبات سے کہا کہ وہ تاریخ ضرور پڑھیں۔ O ....مہناز رفیع نے طلبہ و طالبات سے کہا کہ وہ فیس بک کے ذریعے اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کمشن سے کشمیریوں کی آزادی کا مطالبہ کریں۔ O ....تقریب کے اختتام پر پاکستان زندہ باد، قائداعظمؒ زندہ باد، علامہ اقبالؒ زندہ باد، مادر ملت زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔