پہاڑوں پر برفباری اورمیدانی علاقوں میں بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے،مری میں ڈھائی فٹ برف پڑنے سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔

05 فروری 2012 (14:43)
پہاڑوں پر برفباری اورمیدانی علاقوں میں بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے،مری میں ڈھائی فٹ برف پڑنے سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔
ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔صبح سے جاری برف باری کے بعد مری میں ڈھائی فٹ جبکہ ملحقہ علاقے گلیات میں تین فٹ سے زیادہ برف ریکارڈکی گئی جس کے باعث اہم سڑکوں سمیت لنک روڈز پر ہر قسم کی ٹریفک جام رہی۔مری میں برف باری کے باعث سیاح پھنس کررہ گئے جبکہ اکثر نے رات سڑکوں پر ہی بسر کی۔دوسری جانب ملک کے میدانی علاقوں میں بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوا وہیں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ شہرقائد میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے خنکی میں اضافہ ہو گیا، بارش سے شہر کی اہم شاہراہیں زیرآب آگئیں جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی کا سلسلہ بھی بندرہا۔ ادھر لاہور میں بھی موسلا دھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پنجاب اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم مزید ٹھنڈا ہوگیا ہے۔پنجاب میں لاہور کے علاوہ رحیم یارخان، فیصل آباد، جہلم راولپنڈی اور سرگودھا سمیت متعدد علاقوں میں بھی بارش ہوئی ، سندھ میں نواب شاہ اور بدین میں بونداباندی ہوئی۔ ادھر کوئٹہ اور ژوب سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ بارش گندم کی فصل والے علاقوں کیلئے اہم ہے ۔ محکمہ موسمیات نے مری میں آج شدید برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ سائیبیریا سے آنے والی ہوائیں بلوچستان میں داخل ہونگی جسکے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔