قاسم ضیاء‘ اکرم ساہی کو شکست:عارف حسن تیسری بار پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر منتخب
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن تیسری مرتبہ صدر منتخب ہو گئے۔ خفیہ رائے شماری سے جنرل (ر) عارف حسن 103 میں سے 48.5 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے، دیگر امیدواروں میں میجر جنرل (ر) اکرم ساہی 32.5 ووٹ کے ساتھ دوسرے جبکہ اولمپیئن قاسم ضیاء21 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ بعد ازاں دیگر عہدوں کے لیے ہارنے والے دونوں امیدواروں نے اپنے نمائندوں کو دستبردار کر لیا جس پر پاکستان واپڈا سے تعلق رکھنے والے خالد محمود سیکرٹری جنرل، حاجی محمد شفیق خزانچی، نائب صدور میں سید عاقل شاہ، چوہدری محمد یعقوب، دودا خان بھٹو، کامران لاشاری، سعید اقبال ، افتخار احمد تبسم، محمد افضل اعوان، عبدالخالق خان اور مسز فاطمہ لاکھانی۔ ایسوسی ایٹ سیکرٹریز میں محمد جہانگیر، ذوالفقار علی بٹ، حافظ عمران بٹ، حفیظ اﷲ خان، حیدر لہری اور مسز وینا سلمان مسعود بلا مقابلہ ہی منتخب ہو گئے۔ سات رکنی ایگزیکٹو بورڈ میں خاور پرویز شاہ، محمد راشد ملک، احمد یحیٰ خان، واجد علی چودھری، سمیرا ستار، مس صبا شمیم اختر اور مسز نرگس کو نامزد کیا گیا۔ ان انتخابات کو مانیٹر کرنے کے لیے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے جیروم پووی جبکہ ایشین اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے حیدر زمان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ دریں اثناءپاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن نے کہا ہے کہ کھیلوں کی ترقی کے لیے سب کو ساتھ لیکر چلوں گا پیچھے جو کچھ ہوا وہ ختم ہو گیا اب مستقبل میں مزید محنت سے کام کیا جائے گا۔ انتخابات سے بہت کچھ سیکھا ہوں ماضی میں جو غلطیاں ہوئی ہیں کوشش ہوگی کہ اب وہ نہ ہوں۔ نو منتخب سیکرٹری خالد محمود کا کہنا تھا کہ مجھ پر بہت زیادہ پریشر تھا جس کو ایک سپورٹس مین کی طرح برداشت کیا۔ علاوہ ازیں پی او اے انتخابات میں ہارنے والے صدر کے دونوں امیدواروں قاسم ضیاءاور اکرم ساہی کا کہنا ہے کہ ان کا مکمل تعاون عارف حسن کے ساتھ ہے ۔ پی او اے کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد کئی فیڈریشنوں میں تبدیلیوں کے امکانات پیدا ہو گئے۔ فیڈریشن کے نمائندوں میں اختلافات کھل کر سامنے آئے۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی طرف سے الیکشن کو مانیٹر کرنے والے نمائندے جیرولی پووے نے کہا ہے کہ الیکشن شفاف ہوا ہے۔ جسکی آئی او سی کو رپورٹ کرینگے۔ پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں۔ خواہش ہے کہ یہاں انٹرنیشنل کھیلوں کا انعقاد ہو۔ اولمپک ایسوسی ایشن کے الیکشن میں 3 صوبائی وزیر کھیل نے بھی الیکشن پراسیس میں حصہ لیا۔پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر دودا خان بھٹو نے کہا ہے کہ پی او اے الیکشن میں جنرل (ر) عارف حسن کی کامیابی سے ثابت کر دیا کہ انہوں نے کھیلوں کی ترقی کے لیے اقدامات کیے ہیں۔