راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں عالمی سیریز کے پہلے 5 روزہ ٹیسٹ کا آج آخری دن ہے۔ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ کا آغاز کردیا۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 657 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جبکہ مہمان ٹیم نے دوسری اننگز 7 وکٹس کے نقصان پر 264 رنز بنا کر ڈکلیر کردی۔
قومی کرکٹ ٹیم نے 343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز گزشتہ روز کیا۔ اوپنر عبداللہ شفیق 20 کے مجموعی اسکور پر 6 رنز بنا کر اولی رابنسن کی گیند پر ہیری بروک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔کپتان بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور 25 کے مجموعی اسکور پر 4 رنز بنا کر بین اسٹوکس کی گیند پر اولی پوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ آج کھیل کے آغاز پر ہی اوپنر بیٹر امام الحق پویلین لوٹ گئے۔امام الحق نے 77 گیندوں پر 48 رنز بنائے اور جیمز اینڈرسن کی گیند پر اولی پوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے 3 وکٹس کے نقصان پر 89 رنز بنا لیے۔ میچ کے 26ویں اوور کا کھیل جاری ہے۔ سعود شکیل اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کریز پر موجود ہیں۔