ملتان میں سیاحت کے فروغ کیلئے فوڈ سٹریٹ کی اپ گریڈیشن کا آغاز
ملتان (خبر نگار خصوصی ) ملتان ڈویژنل انتظامیہ نے سیاحت کے فروغ بارے عملی اقدامات کا آغاز کردیا۔ اس سلسلے میں سٹیڈیم کے اطراف فوڈ سٹریٹ کی اپ گریڈیشن کا آغاز کردیا گیا ہے جس پر 144.8 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے دمدمہ، فوڈ سٹریٹ، سٹیڈیم، قلعہ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام پر بریفنگ لی۔اس موقع پر کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ صدیوں پرانے دربار کا طرزتعمیر سیاحوں کیلئے خصوصی دلچسپی کا باعث ہے۔ قلعہ اور اطراف کے پورے مقام کو سیاحتی مقام میں تبدیل کیا جائے۔ اشفاق احمد چوہدری نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کی بحالی سکیم کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے پی ایچ او کو معیاری کام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو پراجیکٹ کی تکمیل اور حکومتی کاوش واضح نظر آنی چاہیے۔ اس موقع پر ڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر، ڈویڑنل سپورٹس افسر رانا ندیم ،ضلعی سپورٹس افسر فاروق لطیف، ڈائیریکٹر ایڈمن پی ایچ اے غلام نبی ہمراہ تھے۔