پاکستانی اسکائیرز بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022میں حصہ لینے کے لیے تیار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستانی کھلاڑی 24ویں اولمپکس گیمز جنہیں بیجنگ 2022 سرمائی اولمپکس بھی کہا جاتا ہے میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی یہ چوتھی شرکت ہوگی اور کھلاڑیوں نے اولمپکس گیمز میں اپنے ملک کے لیے پہلا تمغہ جیتنے کا عزم کیا ہے۔ونٹر اسپورٹس فیڈریشن پاکستان کے ایک عہدیدار نے گوادر پرو کو بتایا کہ پاکستان سے تین کھلاڑی جن میں دو مرد اور ایک خاتون شامل ہیں سرمائی کھیلوں میں حصہ لیں گے ، انہوں نے مزید کہا کہ ایک مرد اور خواتین کراس کنٹری اسکیئنگ میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ ایک اسکیئرالپائن اسکیئنگ میں حصہ لے گا۔ سرمائی اولمپکس 4 فروری سے 2022 تک دارالحکومت بیجنگ میں منعقد ہوں گے۔دریں اثنا، پی ٹی وی ورلڈ بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022" کے لیے "بیجنگ آپ کا استقبال کرتا ہے"کے عنوان سے پروموشنل ویڈیو نشر کررہا ہے۔پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے پروموشنل ویڈیو میں کہا کہ چینی حکومت بیجنگ سرمائی اولمپکس کو بہت اہمیت دیتی ہے۔آئندہ بیجنگ سرمائی اولمپکس کے لیے آپ کی بھرپور حمایت کے لیے ہم پاکستانی حکومت، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستانی دوستوں کے بے حد مشکور ہیں۔صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سید عارف حسن نے کہا بیجنگ اولمپکس کھلاڑیوں کے لیے ایک دوسرے کو سمجھنے اور مزید ہم آہنگی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کا ایک بہترین موقع ثابت ہو گا۔
اولمپکس گیمز