اہلکار رشوت طلب کریں تو سائلین میرے پاس آئیں : ڈی سی مظفرگڑھ
مظفرگڑھ (نمائندہ نوائے وقت/ ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر موسیٰ رضا کا ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ‘ کھلی کچہری‘ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب‘ تفصیلات کے مطابق سید موسیٰ رضا نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ تمام شکایات اورمسائل کو میرٹ پر حل کیا جاتا ہے اگر کوئی سرکاری آفیسر یا اہلکار کسی بھی جائز کام کیلئے رشوت کی مد میں رقم طلب کرتا ہے تو اس کو رقم دینے کی بجائے میرے پاس آئیں اگر کام میرٹ پر ہوا تو نہ صرف کام کیا جائے گا بلکہ اہلکار کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی یہ بات انہوں نے ضلع کونسل میں لگائی جانے والی کھلی کچہری میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کھلی کچہری میں آنے والے سائلین کے فرداً فرداً مسائل سنے اور ان کے فوری حل کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی جبکہ پولیس سے متعلقہ شکایات ایس ایس پی انوسٹی گیشن غلام عباس نے سنیں اور ان کے فوری حل کیلئے مناسب احکامات صادر کئے۔ کھلی کچہری میں محکمہ ریونیو، اے ڈی ایل آر، تحصیلدار سمیت محکمہ تعلیم، محکمہ صحت اور محکمہ زراعت کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ جیل میں انہوں نے قیدیوں کی مختلف بیرکوں، کچن اور ہسپتال کو معائنہ کیا۔ سپرنٹنڈنٹ جیل عامر عمر قریشی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے قیدیوں کے لئے تیار کیا گیا دوپہر کا کھانا بھی چیک کیا اور مختلف بیرکوں میں قید مجرموں سے کھانے پینے، گرم کمبل کی فراہمی سمیت دیگر سہولیات بارے میں دریافت کیا۔ جس پر قیدیوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈسٹرکٹ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے، جن منصوبوں کے لئے فنڈز آگئے ہیں ان کو استعمال کیا جائے اور کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے کام اور میٹریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اگر کسی کی طرف سے شکایت ملی تو متعلقہ افسران کو خود انٹی کرپشن کا سامنا کرنا پڑے گا۔