پاک فوج کا عالمی اعزاز
مکرمی!فوج کسی بھی ریاست کا اہم ستون ہوتی ہے لیکن عمومی طور پر پاکستانی عوام اپنی فوج کے بارے کم ہی معلومات رکھتے ہیں جبکہ یہ بھی مسلمہ امر ہے کہ اندرونِ ملک ہو یا بیرون ملک، ہماری فوج کا اپنا ایک بلند ترین مقام ہے۔ بری فوج ہو، فضائی یا بحری۔ ان کے مابین کوآرڈینیشن بھی ہے اور دشمن سے اچھی طرح نبرد آزما ہونے کا ڈھنگ اور جذبہ بھی۔ ان کے دل میں ملک کی حفاظت اور دفاع کے لیے شہید ہونے کا جذبہ بدرجۂ اتم موجود رہتا ہے۔ وہ غازی بھی بنیں تو اُن کا سر فخر سے بلند ہو جاتا ہے۔ ہماری فوج کی شان، بان اور آن یہ ہے کہ اس نے اسرائیل ، کینیڈا سمیت دیگر کئی ممالک کی افواج کو اپنی پیشہ ورانہ برتری کے باعث پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ دنیا کی 15 ٹاپ کلاس افواج میں پاکستانی افواج کا نام بھی شامل ہے۔ 18 جنوری 2021 ء کو پانچ مختلف مقامات پر لانگ جمپ کے مقابلوں میں ہماری فوج کے جوانوں نے اسرائیل ، کینیڈا، ایران اور انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بہترین ریٹنگ حاصل کی۔ پاک فوج کو گلوبل پاور انڈیکس 2021 ء میں دنیاکے 133 ممالک میں 10 ویں طاقت ور ترین فوج کا اعزاز حاصل ہوا۔ ذہن نشین رہے کہ گلوبل پاور میں جو فوج بہترین پوزیشن حاصل کرتی ہے اُسے ایک بہترین پیشہ ور فوج تصور کیا جاتا ہے۔ پاکستانی فوج کی ایس ایس جی (کمانڈو) دنیا کی بہترین سپیشل فورس تسلیم کی جاتی ہے۔ ترکی ، اٹلی ، مصر ، جرمنی ، سعودی عرب ،اسپین اور آسٹریلیا بھی ممتاز عسکریت رکھنے والے ملک تصورکئے جاتے تھے لیکن پاکستان نے رینکنگ میں اب انہیں شکست دے دی ہے۔ (ارباز چودھری لاہور)