وزیراعظم کا ٹمبر مافیا کیخلاف سخت ایکشن‘ گلگت بلتستان میں آرڈیننس کا نفاذ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان کے ٹمبر مافیا کے خلاف سخت ایکشن لینے پر گلگت بلتستان میں ٹمبر مافیا کے خلاف سزاؤں پر مشتمل آرڈیننس نافذ کر دیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے دیامر اور گلگت میں درختوں کی کٹائی کا نوٹس لیا اور معاون خصوصی ملک امین اسلم سے رابطہ کرکے اس معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ آرڈیننس کے ذریعے ایمنسٹی کلچر کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر دیا گیا۔ درختوں کی غیرقانونی کٹائی میں ملوث عناصر کو سخت سزائیں ملیں گی۔ وزیراعظم کے حکم پر گلگت فارسٹ انتظامیہ کو ایف سی کی4 پلٹونیں فراہم کر دی گئیں۔ مسلح ایف سی جوان ٹمبر مافیا کی حوصلہ شکنی کے لیے تعینات کیے گئے۔ معاون خصوصی ملک امین اسلم نے بھی مقامی انتظامیہ سے رابطہ کیا اور ذمہ دار افسران سے رپورٹ طلب کرلی۔ اس ضمن میں محکمانہ کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹمبر مافیا کے خلاف قائم کی گئی ٹیموں کو24گھنٹے متحرک رہنے کی ہدایت کردی گئی۔