شہباز شریف اپنے اور اپنے خاندان کے ارکان کے خلاف کرپشن کے الزامات کے بارے کوئی بھی جواب دینے میں ناکام رہے ہیں:معاون خصوصی احتساب

احتساب کے بار ے میں معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف اپنے اور اپنے خاندان کے ارکان کے خلاف کرپشن کے الزامات کے بارے کوئی بھی جواب دینے میں ناکام رہا ہے۔
وزیر مواصلات مراد سعید کے ہمراہ آج اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ نون کے دس سالہ دور حکومت میں شہبا ز شریف او ر ان کے خاندان کے ارکان کے اثاثوں میں کئی گنا اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا انکشاف دوہزار اٹھارہ میں نیب کی طرف سے کی جانے والی تحقیقات میں کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے اثاثوں میں ستر فیصد جبکہ ان کے بیٹے سلمان شہباز شریف کے اثاثوں میں آٹھ ہزار گنا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں ٹیلی گرام کے ذریعے منتقل کی جانے والی دوسوسے زائد جعلی رقوم کی منتقلیوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ رقم شہباز شریف کی طرف سے 32 سے 35 کمپنیوں کے قیام کےلئے استعمال کی گئی، شہزاد اکبر نے کہا کہ روزانہ کی بنیادوں پر ان کی بدعنوانی سے متعلق انکشافات ہورہے ہیں۔
احتساب کے بارے میں معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستانی کاروباری شخصیت کےساتھ معاملات طے پانے کے بعد برطانیہ سے ایک سو نو ملین پاونڈ کی واپسی یقینی بنائی گئی ہے۔