پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس:وزیراعظم عمران خان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ موخر

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجا جواد عباس حسن نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں دائر بریت کی درخواست پر فیصلہ 12دسمبر تک مئوخر کر دیا۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ تمام ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا جائے گا۔جبکہ نجی ٹی وی کے مطابق پراسیکیوشن اور پولیس نے بریت کی درخواستوں کی مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ سے تمام ملزمان کے کیس سے بری ہونے کی توقع ہے۔ وزیر اعظم کے علاوہ دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنوں نے بھی بریت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ تمام ملزمان کی درخواستیں ایک ساتھ سن کر فیصلہ کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی رہنمائوں سردار جہانگیر خان ترین ، اسد عمر اور اعجاز احمد چوہدری نے بریت کی درخواستیں واپس لے لی تھیں اور کہا تھا کہ پہلے عمران خان کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے۔ جمعرات کے روز اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجا جواد عباس حسن کا کہنا تھا کہ جن جن ملزمان کی بریت کی درخواستیں موجود ہیں ان سب کو سن کر فیصلہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب پراسیکیوشن اور پولیس کی جانب سے عمران خان اور پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنوں کی بریت کی درخواستوں کی مخالف نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے بعد امکان ہے کہ جلد ان درخواستوں پر دلائل مکمل ہونے کے فیصلہ سامنے آجائے گا اور یہ فیصلہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے حق میں آنے کا امکان ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ اگر ملزمان کو بری کر دیا جائے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں۔