نیب نے جام خان شورو سمیت 14 ملزمان کیخلاف ریفرنس تیار کرلیا
کراچی (این این آئی)سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام،پیپلزپارٹی رہنما جام خان شورو اور دیگر کی مشکلات میں اضافہ ،نیب نے سابق صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو سمیت 14 ملزمان کے خلاف ریفرنس تیار کرلیا۔جام خان شورو کے خلاف نیب کی جانب سے تیار کیئے جانے والے ریفرنس کی تفصیلات سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ دیگر ملزمان میں جام خان شورو کے فرنٹ مین محمد بچل، اصغر میمن، محمد حسین، امتیاز علی ،شاہنواز سومرو، فدا حسین، سبحان علی، عبدالمالک کھتری، محمد انور ذیشان قریشی اور اختر علی بھی ملزم نامزد ہیں نیب کی تفتیشی ٹیم نے جام خان شورو اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ،نیب کاالزام ہے کہ جام خان شورو اور دیگر کے خلاف ریفرنس اپروول کے لیے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد بھیج دیا ہے،جام خان شورو اور دیگر نے غیر قانونی طور پر حیدر آباد میں سی این جی اسٹیشن کے لیے زمین الاٹ کی،ملزمان نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا، الاٹمنٹ کے ثبوت حاصل کرلیے ہیں،عدالت نے نیب کو ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کرکے 28 جنوری کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے جام خان شورو اور دیگر کی درخواست ضمانت میں بھی توسیع کردی،جام خان شورو کے خلاف زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی تحقیقات کراچی میں بھی کی جارہی ہے