کراچی، مردہ جانوروں کی باقیات کو جلانے کا غیر قانونی کارخانہ سربمہر
کراچی (این این آئی)مشیر ماحولیات سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب کی ہدایت پرسندھ انوائرونمنٹل پروٹیکشن ایجنسی( سیپا) نے ملیر کے علاقے میں بڑی کارروائی کرکے مردہ جانوروں کی باقیات کو جلانے کا غیر قانونی کارخانہ سربمہر کردیا ہے کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر سیپا وارث علی گبول کی سربراہی میں کی گئی جس میں انسپکٹر را زیشان، فیصل ملک سمیت دیگر شریک تھے حکام کے مطابق غیر قانونی کارخانے کے خلاف کارروائی گزشتہ روز علی الصبح کی گئی ڈپٹی ڈائریکٹر سیپا وارث علی گبول کے مطابق مزکورہ جگہ پر مردہ جانوروں کو بڑے کڑھائے میں جلا کر غیر سائنسی طریقے سے کوکنگ آئل حاصل کیا جاتا تھا جبکہ غیر روایتی اور غیر سائنسی طریقے سے کوکنگ آئل تیار کرکے مقامی مارکیٹ میں سپلائی کیا جاتا تھا انہوں نے بتایا کہ جانوروں کی باقیات کو جلا کر ان سے چربی حاصل کرکے صابن کی فیکٹریوں میں سپلائی کی جاتی تھی ڈپٹی ڈائریکٹر سیپا کے مطابق غیر قانونی کارخانہ پورٹ قاسم کے نزدیک قائم کیا گیا تھا۔ کارخانے سے شدید قسم کا بدبو دار سیاہ دھواں بھی پیدا ہوتا تھا دھواں ماحولیاتی آلودگی کا بڑا سبب تھا ملیر میں کامیاب آپریشن پر مشیر ماحولیات بیرسٹر مرتضی وہاب نے سیپا کی ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ سیپا کے افسران اور عملے نے بڑی کارروائی کی، ہے انکی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ مختلف مافیاز گھناونے دھندوں کے زریعے لوگوں کی صحت سے کھیل رہے ہیں۔سندھ حکومت ایسے غیر قانونی دھندے ختم کرکے دم لے گی۔