آئینی، سیاسی اور اقتصادی بحرانوں کا تسلسل ملک کو سنبھلنے نہیں دیتا، میاں زاہد
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ جس تیزی سے آئینی ،سیاسی اور اقتصادی بحران آ رہے ہیں اسکی نظیرملکی تاریخ میں نہیں ملتی۔سیاسی عدم استحکام حکومت کو سنبھلنے نہیں دے رہا جس سے اسکی کارکردگی مزید متاثر ہو رہی ہے اور اسے اپنے ایجنڈے پر عمل درآمد میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ایماندار قیادت کو ملک کے تمام مسائل کاسادہ حل قرار دینے والے اب خاموش ہو چکے ہیں کیونکہ یہ تجربہ بھی کامیاب نہیں ہوا۔ میاں زاہد حسین نے بز نس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ ستر سال گزرنے کے باوجود ملک کے لئے ایک واضح سیاسی اور اقتصادی سمت کا تعین نہیں ہو سکا ہے جو ہماری بدقسمتی ہے ۔سیاسی اتار چڑھائو کے ساتھ ادائیگیوں کے توازن کا بحران، مالیاتی خسارے کا بحران اور معاشی جمود اقتصادی منظر نامہ کا مستقل حصہ بن گیا ہے اورہر دو تین سال بعد ایک نیا بحران جنم نہ لے تو لوگوں کو پریشانی ہونے لگتی ہے۔