جی ٹی ایس‘ ای بی ایم کازوے پر کچرا جمع کرانے کا سلسلہ بند
کراچی(اے پی پی) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، آصف اکرام نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور چیف سیکریٹری کی ہدایت پرجی ٹی ایس ،ای بی ایم کاز وے پر کچرا جمع کرنے کاسلسلہ بند کرکے جی ٹی ایس دوسرے جگہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ماحول کوآلودگی سے بچانے اوردیگر مسائل کے پیش نظر جی ٹی ایس منتقل کرنے کا فیصلہ پی اے ایف بیس انتظامیہ، نیوی انتظامیہ اور اطراف کی آبادی کی طرف سے کی گئی درخواست پر کیا گیا۔ دیگر تفصیلات میں ضلع شرقی کا کچرا اس جی ٹی ایس پر جمع ہونے کے بعد لینڈ فل سائیٹ منتقل کر دیا جاتا تھاجبکہ اب ضلع شرقی کاکچر ادوسری جی ٹی ایس پر منتقل کیا جاچکا ہے۔چیف سیکریٹری کی ہدایت پر یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ای بی ایم کاز وے کی جگہ قبضہ مافیا اور تجاوزات سے محفوظ رکھنے کے لئے یہ جگہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور چائنیز کمپنی کی کچرا گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے مختص کر دی گئی ہے۔ایم ڈی آصف اکرام نے کہا کہ مکینوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے آلودگی سے پاک ماحول کے لئے دیگر اقدامات بھی زیر غورہیں۔