ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی وزیراعظم سے فریاد
مکرمی :ریڈیو پاکستان کے ملازمین وزیراعظم سے یہ فریاد کرتے ہیں کہ ملازمین کو وزارت خزانہ کے جاری کردہ مالی بحران سے ملازمین کو نجات دلائی جائے۔ وزارت خزانہ کی طرف سے ریڈیو پاکستان کی حقیقی ضروریات کے بھی فنڈز نہ دینے کی وجہ سے ملازمین شدید مشکلات میں گھر چکے ہیں ۔ وزارت خزانہ کی طرف سے سب سے بڑی بے انصافی تو یہ ہے کہ اس ادارے کے مختلف شعبوں انجئیرنگ ، نیوز ، پروگرام ، اکاﺅنٹس اور ایڈمنسٹریشن میں عرصہ سے خالی پوسٹوں پر حکومت کی اجازت سے تقریباً ساڑھے چھ سو افراد جن میں مرد و خواتین شامل ہیں ، ملازمیتیں دی گئی ہیں۔ لیکن دوسرے مالی سال کا بھی نصف گزر چکا ہے کہ ان پوسٹوں پہ تعینات ہونے والے ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر مر اعات کے لیے فنڈ نہیں دیے جا رہے ہیں دیگر شعبوں کی ضروریات کے لیے جو فنڈ اس ادارے کو دیے جاتے ہیں وہ ان نئے ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات پر صرف ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے دیگر شعبوں کی ادائیگیاں روک گئی ہیں۔ مثلاً ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو اپنی جمع کردہ رقم بنام جی پی فنڈ کی ادا ئیگی نہیں ہو رہی ہے۔ اور پھر کمیوٹیشن کی ادائیگیاں نہ ہونے سے ریٹائرڈ ہونے والے غریب ملازمین فاقہ کشی کا شکار ہو رہے ہیں ۔ جب جی پی فنڈ جو ملازمین کی اپنی رقوم ہوتی ہیں وہ بھی نہ ملیں ۔ کمیوٹیشن بھی نہ دی جائے تو بتا یا جائے کہ اس ادارے کے غریب ملازمین کے لیے زندہ رہنے کا کونسا آسرا رہ جاتا ہے۔ سٹاف آرٹسٹ جو اس ادارے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں ادائیگیاں نہ ہونے سے وہ اپنی جگہ پریشان ہیں اور پھر ریڈیو پاکستان کے حاضر اور ریٹائرڈ ملازمین کے لیے طبی سہولتیں مکمل طور پر بند ہو چکی ہیں ۔ ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے ہسپتالوں ، لیبارٹیوں نے سروس دینی بند کر دی ہے تو کیمسٹوں نے بھی ادویات دینے سے انکار کر دیا ہے۔ اس لیے کہ آٹھ آٹھ ماہ سے ان کے بلوں کی ادائیگی نہیں ہو رہی ہے۔ اس لیے کہ ان کی ادائیگیوں کے لیے جو فنڈ دیے جاتے ہیں وہ تو ان کی تنخواہوں و مراعات پر خرچ ہو رہے ہیں۔ جن کے لیے فنڈز وزارت خزانہ جاری نہیں کر رہی ہے۔ یوں ریڈیو پاکستان کے ملازمین شدید پریشانیوں میں مبتلا ہیں ۔ دوسری بری بد قسمتی یہ ہے کہ اس ادارے میں سات ماہ سے مستقل بنیادوں پر ڈائریکٹر فنانس کا نہ ہونا ہے ۔ جبکہ ڈائر یکٹر فنا نس کا عارضی چارج جس سینئر کنٹرولر فنانس کے پاس ہے ۔ اس کا نام ڈائریکٹر فنانس کے لیے انتخاب کرنے والی کمیٹی اس لیے مسترد کر چکی ہے کہ موصوف اس پوسٹ کے لیے درکار اہلیت نہیں رکھتے ۔ عارضی طور پر ڈائریکٹر فنانس کی ذمہ داریاں ادا کرنے والے کنٹرولر فنانس اگرچہ ڈائر یکٹر فنانس کی تمام مراعات لے رہے ہیں ۔ لیکن وہ از خود گو مگو کی کیفیت میں ہیں جبکہ اس ادارے کو ایک مستقل ایسے ڈائریکٹر فنانس کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم پاکستان سے ریڈیو ملازمین درد مندانہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان کی مشکلات کی طرف وجہ دیں( متاثرین ملازمین)