اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایک دن مظلوم کشمیری بھارت سے اپنا حق حاصل کرلیں گے جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انہیں دیا جانا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے یکطرفہ اقدام کے خلاف مظلوم کشمیری دنیا بھر میں یومِ سیاہ منا رہے ہیں۔ اس موقعے پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں کشمیری قوم سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی اور وزیرِ خارجہ نے شرکاء سے خطاب کیا۔شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک دن آئے گا جب مظلوم کشمیری غاصب بھارتی حکومت سے حقِ خود ارادیت حاصل کر لیں گے جبکہ بھارت کشمیریوں کے جوش و جذبے اور حوصلے کو دبا نہیں سکتا۔
قبل ازیں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقعے پر اپنے پیغام میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کے بھارتی اقدامات کو 24 ماہ مکمل ہوچکے ہیں جبکہ پاکستان کشمیری قوم کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ کشمیریوں کی جدوجہد منصفانہ اور ان کا جذبہ ناقابلِ شکست ہے جسے پاکستانی قوم سلام پیش کرتی ہے۔ بھارت کشمیریوں کی شناخت ختم کرنا چاہتا ہے۔
پیغام میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کو غلط فہمی تھی کہ وہ کشمیریوں کے جذبۂ حریت کو کچل سکتا ہے تاہم مودی حکومت کی غیر قانونی کوششیں رائیگاں جائیں گی۔ کشمیری قوم کو حقِ خود ارادیت پر سمجھوتہ کرنے پر کوئی مجبور نہیں کرسکتا۔
وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی عزائم ناکام ہوچکے ہیں جبکہ کشمیری قوم، عالمی برادری اور پاکستان نے بھارتی اقدامات مسترد کردئیے ہیں۔ بھارت کا ظلم و جبر جاری ہے، ہر روز کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر بھر میں بسنے والے مظلوم کشمیری یومِ استحصالِ کشمیر آج منائیں گے جبکہ ظلم و ستم کے نئے باب کے آغاز کو 2 سال مکمل ہو گئے جس کے تحت مقبوضہ وادی کی آئینی حیثیت تبدیل کردی گئی اور مواصلاتی بلیک آؤٹ نافذ کیا گیا۔
قبل ازیں 5 اگست 2019ء کو بھارت کی مودی حکومت نے آر ایس ایس نظرئیے کے تحت مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کی جس کے بعد نئی پابندیوں، لاک ڈاؤن اور مواصلاتی بلیک آؤٹ کا سلسلہ شروع کیا گیا۔