بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھانے کا مشن،قوم مظلوم کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کیلئے آج یوم استحصال منائیگی
اسلام آباد: بھارت کے غیر قانونی قبضے، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور مقبوضہ وادی چنار کے فوجی محاصرے کو دو سال مکمل ہونے پر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پوری قوم آج یوم استحال منائے گی۔
بھارت کی مودی حکومت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کو آئین میں حاصل خصوصی حیثیت ختم کردی تھی۔
مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور کشمیری عوام کے خلاف بھارت کے یکطرفہ غیر قانونی اقدامات کی مذمت کے لیے متعدد تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں یکجہتی واکس کا انعقاد کیا جائے گا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اسلام آباد میں واک کی قیادت کریں گے۔ واک کے شرکا سیاہ پٹیاں باندھیں گے اور پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائیں گے۔
ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ ایک منٹ کی خاموشی کے دوران ٹریفک رک جائے گا اور سائرن بھی بجائے جائیں گے۔ریڈیو پاکستان اور ٹیلی وژن چینلز ایک منٹ کی خاموشی کے فوراً بعد پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے قومی ترانے بجائیں گے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت صوبائی دارالحکومتوں کی مرکزی شاہراہوں پر پوسٹرز اور بل بورڈز آویزاں کئے گئے ہیں جن پر کشمیری عوام کی حالت زار کو اجاگر کیا گیا ہے اور مقبوضہ وادی کشمیر میں بھارتی قابض فوج کے مظالم کو بے نقاب کیا گیا ہے۔