پاکستان کا بچہ بچہ کشمیرکی آزادی کے لئے کشمیری عوام کے ساتھ ہے: رائے تیمور خان بھٹی
صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان، آثار قدیمہ و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے گزشتہ سال 5 اگست کو مودی سرکار کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیر آئینی اور غیر قانونی بھارتی اقدام کے ایک سال مکمل ہونے پر اس کی مذمت کی ہے اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ”یوم استحصال“ کے موقع پرپیغام میں کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے، بھارتی افواج کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے مگر کشمیری عوام آزادی کی جنگ ثابت قدمی سے لڑ رہے ہیں.
بھارت ہمیشہ سے کشمیری عوام کا استحصال کررہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل نہیں کیا اور اب تک کشمیری عوام کو استصواب رائے کا حق نہیں دیا الٹا گزشتہ برس بھارت نے اپنے ہی آئین کے آرٹیکل 370کو ختم کرکے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی جو کہ متنازع اور غیرآئینی اقدام ہے
جسے ایک برس مکمل ہوچکا ہے اس اقدام سے مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیاہے اور وہاں تاحال نقل و حرکت پر بھارت نے پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان، آثار قدیمہ و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم آزادی کی جنگ میں کشمیریوں بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،پاکستان کا بچہ بچہ کشمیرکی آزادی کے لئے کشمیری عوام کے ساتھ ہے، وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں کشمیر کا مسئلہ ہر فورم پر اٹھایا ہے جس سے عالمی سطح پر پاکستان کو بہت بڑی سفارتی کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں، کشمیری شہدائکا خون رائیگاں نہیں جائے گا، وہ دن دور نہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان۔