ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائی کا حکم، پوری طاقت سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر+کامرس رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے رواں ہفتے بارشوں کے خدشہ کے پیش نظر واساز اور لوکل گورنمنٹس کو اربن فلڈنگ کے حوالے سے پیشگی اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے اور اس ضمن میں سیکرٹری ہائوسنگ اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ وزیراعلی نے کہاہے کہ اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں اور صوبہ بھر میں تمام برساتی نالوں، ڈرین اور واٹرچینلز کی فوری صفائی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلی نے متعلقہ حکام کو بروقت موثر اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ بارشوں کی وجہ سے مختلف شہروں کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ سڑکوں اور بازاروں میں پانی کھڑا ہوا تو سخت ایکشن لوں گا۔ عوام کو پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے دشواری کا سامنا ہوتا ہے ایسی صورتحال قطعاً برداشت نہیں۔ سڑکیں پانی میں ڈوب جائیں اور افسر دفتروں میں بیٹھے رہیں یہ کیسی فرض شناسی ہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عرفان اقبال کی قیادت میں مختلف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور اور تاجروں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صنعتکاروں اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صنعتکاروں او ر تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت بزنس فرینڈلی حکومت ہے۔ صنعتکاروں او ر تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں گے اور میرا دفتر آپ کے لئے ہمہ وقت کھلا ہے۔ حکومت نے 3روز قبل ہی لاک ڈائون ختم کردیا ہے۔ صوبے میں معاشی سرگرمیاں تیز کرنے کے لئے مزید بزنس ایس او پیز کے تحت کھولے جائیں گے۔ نیگٹو لسٹ میں شامل بزنس فی الحال بند رہیں گے۔ تمام فیصلے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کریں گے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا ٹیسٹ رن ہوچکا ہے اور میٹروٹرین کوجلد چلانے کا ارادہ رکھتے ہیںے مفاد عامہ کے ہر منصوبے پر کام جاری رہے گا۔ سابق حکومت نے اپنے دور میں مفاد عامہ کے کئی منصوبوں پر کام روکا۔ پنجاب اسمبلی کی عمارت پر بھی 10برس کوئی کام نہیں ہوا۔ ہم نے پنجاب اسمبلی کی عمارت کے منصوبے پر کام شروع کیا۔ گوجرانوالہ شہر کو موٹروے سے لنک کرنے کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی۔ لاہور شہر میں موجود ٹرک اڈے کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کیاجائے گا۔ کاروبار میں آسانیاں پیدا کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ پنجاب میں ہر کام میرٹ پر کیا جاتا ہے۔ فیصل آباد شہر کے مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گ۔ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی روکنے کے لئے موثر مہم چلائی جائے اور گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے سدباب کے لئے ضلعی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر صنعت و پرائس کنٹرول ٹاسک فورس کے سربراہ اسلم اقبال اور چیف سیکرٹری پنجاب کے نام مراسلے میں کہا ہے کہ ضلع کی سطح پر عوام کو ریلیف دینے کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے اور اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔ عوام کو گراں فروشوں کے سپرد نہیں کیا جاسکتا، غفلت قطعا برداشت نہیں کروں گا۔ عوام کو مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ صوبہ بھر میں مہنگائی، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیوں کی خود مانیٹرنگ کروں گا۔ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے قانون ہی نہیں سماج کے دشمن ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبائی پرائس کنٹرول ٹاسک فورس کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہاہے کہ بھارت کے زیرتسلط غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاک ڈاؤن کو ایک سال مکمل ہوگیا مگر کشمیریوں کے دکھ کم نہ ہوئے۔ دنیا کرونا کے باعث چند ماہ لاک ڈاؤن برداشت نہ کر سکی، آفرین ہے کشمیری سال بھر سے صبر کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ بھارت کے ظلم و ستم کی وجہ سے کشمیری لاک ڈاؤن کی زندگی گزار رہے ہیں۔ کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پر بے حسی عالمی برادری کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ مشکل ترین حالات میں بھی کشمیریوں کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے۔ دنیا کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا اعتراف کرنے پر مجبور ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے یوم استحصال کے موقع پرپیغام میں کہاکہ کشمیری حق خودارادیت کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ مسئلہ کشمیر اب ایک المیہ سے بڑھ کر انسانی بحران کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر دنیا خاموش ہے لیکن پاکستان پوری طاقت سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اورکھڑا رہے گا۔ بھارت کو ہر ظلم کا حساب دینا ہوگا۔