محکمہ خوراک کے ضلعی افسرفلور ملز کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنائیں :عبدالعلیم خان
لاہور (نیوز رپورٹر )سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے صوبے بھر کے محکمہ خوراک کے ضلعی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں فلور ملز کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنائیں تاکہ سرکاری طور پر ریلیز ہونے والی گندم کا سبسڈائزڈ آٹا مارکیٹ کے علاوہ دیگر صوبوں میں نہ جائے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر محکمے کے افسران نے غفلت دکھائی تو اْن کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی، وہ صورتحال کا موقع پر جائزہ لینے کے لئے اسی ہفتے مختلف اضلاع کا خود دورہ کریں گے اور جہاں شکائیت پائی گئی وہاں موقع پر کاروائی ہوگی۔ منگل کے روز پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ فوڈ افسر اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کے ویڈیولنک پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب حکومت سستے آٹے کے لئے اربوں روپے کی بھاری سبسڈی دے رہی ہے جس کا بلا واسطہ طور پر فائدہ عام آدمی کو پہنچنا چاہیے، وزیر اعظم عمران خان ذاتی طور پر پنجاب میں گندم و آٹے کی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ باخبر ہیں ۔ اس وقت پنجاب میں سستے آٹے کی فراہمی 90فیصد ہو رہی ہے باقی کی 10فیصد بھی یقینی بنائی جانی چاہیے اور جہاں کہیں شکائیت ہے وہاں فوری طور پر کاروائی عمل میں لائی جائے۔