ناران میں تین روزہ سیاحتی میلہ رنگا رنگ تقریبات کے بعد اختتام پذیر ہو گیا، میوزک نائٹ اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، معروف گلوکار ملکو کے علاوہ سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے علاقائی ثقافت کا مظاہرہ کیا۔ فیسٹیول میں کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کیپٹن (ر) اورنگزیب، ڈپٹی کمشنر پشاور علی اصغر، اے ڈی سی یار خان، اے سی بالاکوٹ سمیر لغاری اور صدر ہوٹل ایسوسی ایشن ناران سیٹھ مطیع اﷲ کے علاوہ بڑی تعداد میں سیاحوں نے شرکت کی۔ فیسٹیول کا مقصد وادی کاغان میں سیاحت کو فروغ دینا تھا اور دنیا بھر کویہ پیغام دیا گیا کہ وادی کاغان بالخصوص پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور یہاںہر سال کی طرح آئندہ بھی ملکی و غیر ملکی سطح پر سیاح بلاخوف وادی کی سیر کر سکتے ہیں۔ میلہ کا افتتاح کمشنر ہزارہ سید ظہیرالاسلام نے شجرکاری مہم سے کیا اور بعد ازاں خواتین کیلئے خصوصی سٹال کے علاوہ مختلف کھانوں کے سٹال اور بچوں کیلئے جھولے بھی لگائے گئے۔ نجی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کی جانب سے محفل موسیقی بھی سجائی گئی جس میں ملک کے معروف گلوکار ملکو سمیت دیگر علاقائی گلوکاروں نے پنجابی، سندھی، پشتو، ہندکو اور دیگر زبانوں میں گانوں سے شرکاءکو محظوظ کیا۔ تین روزہ سیاحتی میلہ کے انعقاد پر سیاحوں نے صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38