رمضان المبارک کے بعد سے چینی کی قیمتوں میں 6 روپے کلو اضافہ، قیمت 70 روپے ہوگئی
لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں پرچون سطح پر چینی کی قیمت میں 6 روپے کلو اضافہ ہوگیا۔ رمضان المبارک میں مارکیٹ میں پرچون میں ایک کلو چینی 64 روپے کلو فروخت کی جا رہی تھی جو عیدالفطر کے بعد 70روپے کلو ہوگئی۔ بعض بڑے سٹوروں پر چینی 72 تا 73 روپے کلو بھی فروخت ہورہی ہے۔ پرچون فروشوں کے مطابق انہیں رمضان المبارک میں انہیں چینی سستی اور مل رہی تھی لیکن عید کے بعد سپلائی کم کر کے قیمتیں بڑھا دی گئیں۔ پرچون فروشوں نے چینی کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا، انہیں جس قیمت پر تھوک میں چینی مل رہی ہے وہ اپنا تھوڑا سا منافع رکھ کر چینی فروخت کررہے ہیں۔ اکبری منڈی کے بعض چینی کے ڈیلرز نے بتایا کہ شوگر ملز مالکان نے مارکیٹ میں چینی کی سپلائی میں کمی کرکے قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کیا۔ آئندہ دو تین ہفتوں میں چینی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ دریں اثناء یوٹیلیٹی سٹوروں میں چینی 64 روپے کلو فروخت کی جا رہی ہے۔