اقوام متحدہ کی ٹیم آکر دیکھے ظلم کون کر رہا ہے: الطاف

05 اگست 2015

لندن (پ ر) الطاف حسین نے کہا ہے کہ ہمارے لوگ لاپتہ اور ماورائے عدالت قتل ہو رہے ہیں۔ میری تقریر پر جو لوگ واویلا کر رہے ہیں میں ان سے سوال کرتا ہوں کہ میرے جو ساتھی ماورائے عدالت قتل کردئیے گئے، جو غائب کردئیے گئے میں انہیں کہاں سے لائوں؟ یہ بات انہوں نے میرپور خاص، سکھر، نوابشاہ، سانگھڑ، ٹنڈو الہ یار اور جامشورو زون کے ذمہ داران اور کارکنوں سے ٹیلیفون پر خطاب میں انہوں نے کہاکہ اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ عدالتیں آزاد ہیں تو وہ جھوٹ بولتا ہے۔ دنیا بھر میں جہاں جہاں کسی قوم کے بے گناہ لوگوں کا قتل عام کیا گیا وہ انصاف کیلئے اقوام متحدہ گئی۔ میرا یہی کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی ٹیم خود دیکھے کہ ظلم کون کررہا ہے، اگر ایم کیو ایم والا ظلم کر رہا ہے تو اسکو سزا دیں لیکن اگر کسی اور نے ظلم کیا ہے تو اسکو بھی سزا دی جائے۔ میں نے ملک کا خزانہ نہیں لوٹا، میں نے اپنے بھائی بھتیجوں کو ایم این اے، ایم پی اے، وزیر نہیں بنایا، میں نے پورے ملک میں ایک گز زمین بھی حاصل نہیں کی۔