نوشکی: جھڑپ میں 2 دہشت گرد ہلاک حب میں 255 کلو بارود برآمد

05 اگست 2015

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) نوشکی میں فرنٹیئر کور بلوچستان اور حساس ادارے کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ حب میں ایک مکان پر چھاپے کے دوران 255 کلوگرام دھماکہ خیز مواد برآمد کرتے ہوئے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق منگل کو فرنٹیر کور بلوچستان اور حساس ادارے نے نوشکی کے علاقے لیجہ میں کالعدم تنظیم یو بی اے کے دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کیا تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی جوابی کاروائی میں کالعدم تنظیم کے 2دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ ایف سی نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 3ایس ایم جی، 4ہینڈ گرینڈ قبضے میں لے لئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت ٹارگٹ کلنگ، دہشتگردی اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ علاوہ ازیں حب میں سی آئی اے پولیس نے مکان پر چھاپہ مارکر بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور پرائیویٹ سکیورٹی گارڈز کی وردیاں قبضے میں لی لیں۔ ڈی ایس پی محمد ایاز نے بتایا کہ منگل کو سی آئی اے پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر حب کے علاقے پتھر کالونی میں ایک مکان پر چھاپہ مارکر وہاں سے 255 کلوگرام دھماکہ خیز مواد اور پرائیویٹ سکیورٹی گارڈز کی 34وردیاں قبضے میں لے لیں تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔