بھارت کا پاکستانی تاجروں کو 3 سال کیلئے تجارتی پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش کی اقلیتوں کو طویل المدتی ویزے جاری کرنے کا اعلان

05 اگست 2015

نئی دہلی (اے این این) بھارت نے پاکستانی تاجروں کو 3 سال کیلئے تجارتی اور پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش کی اقلیتوں کو طویل المدتی ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ بات وزیر مملکت برائے داخلہ کرن ریجو نے منگل کو لوک سبھا کو ایک سوال کے جواب میں بتائی۔ انہوں نے کہاکہ 7جولائی کو ہدایات جاری کردی گئی تھیں کہ جن پاکستانی تاجروں کے پاس مکمل دستاویزات ہونگی اور ان کا کاروبار مستحکم ہوگا تو انہیں تین سال کا کثیر المقاصد بزنس ویزا دیا جائے گا جس میں مزید دو سال توسیع ہوسکے گی۔ یہ فیصلہ سارک فورم پر طے پانے والے سمجھوتے کے تحت کیا گیا ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ کرن ریجو نے کہا پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش کی اقلیتی برادری کے ارکان کو طویل المدتی ویزے دیئے جائیں گے۔