پاکستان بہتر سکیورٹی صورتحال، سیاسی استحکام سے کایا پلٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے: امریکی میگزین

05 اگست 2015

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اپنی سکیورٹی کی بہتر صورتحال اور سیاسی استحکام کے ساتھ کایا پلٹنے کی عالمی مثال بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ بات امریکی بزنس میگزین ’’فوربس‘‘ نے اپنے ایک مضمون میں تحریر کی۔ ڈینیل روندے نے مضمون میں لکھا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف باصلاحیت کابینہ کے ساتھ حکومت چلا رہے ہیں اور امن و سلامتی کے قیام کیلئے فوج کے ساتھ باہم ملکر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے پاکستان کا موازانہ 1990ء کی دہائی کے آخر کے کولمبیا کے ساتھ کیا جبکہ آج کے کولمبیا کا امریکہ کے ساتھ آزاد تجارت معاہدہ ہے۔ مضمون نگار کے مطابق امریکی پالیسی ساز اور کاروباری رہنمائوں کو سکیورٹی کے عدسہ سے آگے پاکستان پر نظر ڈالنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پشاور میں سکول کے بچوں پر دہشت گردوں کے وحشیانہ حملے کا ذکر کیا جس کا فوج نے دہشت گردوں کیخلاف فضائی حملوں اور پشاور کے نواح میں خیبر، قبائلی علاقہ جات اور شمالی وزیرستان میں گرائونڈ آپریشن کے ذریعے بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے لکھا کہ گزشتہ سال وزیراعظم نواز شریف نے عام انتخابات 2013ء کے نتائج کے تنازعہ کے حوالے سے قومی اسمبلی کے سامنے سرگرم اپوزیشن کی جانب سے طویل دھرنے کے مقابلے میں ضبط و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ جارحانہ اپروچ اختیار کرنے کی بجائے وزیراعظم نے دانشمندانہ طور پر نتائج کی تصدیق کیلئے معاملہ ایک آزاد (جوڈیشل) کمیشن کو بھجوا دیا جس نے حال ہی میں انکی جماعت کے حق میں فیصلہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے خلاف طاقت استعمال نہ کرنے کا فیصلہ پاکستان میں جمہوریت کے مزید استحکام کی راہ ہموار کریگا۔