لاہور، فیروز والہ: 50 لاکھ سے زائد کے ڈاکے، شیخوپورہ، مقابلے میں ڈاکو ہلاک

05 اگست 2015

لاہور+ فیروز والہ+ شیخوپورہ (نامہ نگار+ نمائندگان) مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ماڈل ٹائون جے بلاک میں پٹرول پمپ کا مالک طاہر اپنے منیجر ساجد کے ہمراہ بینک میں رقم جمع کرانے جارہا تھا کہ دو ڈاکوئوں نے انہیں گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 32 لاکھ روپے نقدی اور تین موبائل فون لوٹ لئے اور فرار ہوگئے۔ ڈاکوؤں نے فیصل ٹاؤن میں چوہدری وسیم الرحمن سے13 لاکھ کی کار اور موبائل فون، مسلم ٹائون میں محبوب اور اس کی فیملی سے6 لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون، لیاقت آباد میں مظہر سے ایک لاکھ 95 ہزار اور موبائل فون، نشتر کالونی میں خالد سے 90 ہزار اور موبائل فون، ٹائون شپ میں اسلام سے 78 ہزار اور موبائل فون، سول لائن قرطبہ چوک میں سرفرازکی دکان سے 65 ہزار، فیکٹری ایریا میں ثاقب سے 45 ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے شاد باغ نیواں محلہ سے عارف، اقبال ٹاؤن سے محمد علی، ستوکتلہ سے نوشین، جوہر ٹائون این سی کالونی سے اشفاق، ستوکتلہ پنجاب ہاؤسنگ سوسائٹی سے تنویر، سبزہ زار سے شہزاد، ڈیفنس اے سے اکرم کی کاریں جبکہ موچی گیٹ شاہ عالم مارکیٹ سے شہباز، اسلام پورہ پیپل ہاؤس سے عرفان، راوی روڈ سے عرفان، مغلپورہ سے بشارت، لارنس روڈ سے طاہر، اقبال ٹاؤن سے غلام صادق اور قاسم، گلشن راوی توحید پارک سے سلطان، نواب ٹاؤن سے رفیق، گارڈن ٹائون سے احسن، نشتر کالونی سے عادل کی موٹر سا ئیکلیں چوری کرلی۔ فیروزوالہ میں لاہور روڈ کی آبادی ایمکو کالونی میں ڈاکوئوں نے رمضان کے گھر گھس کر نقدی، دیگر سامان لوٹ لیا اور اس کے بیٹے عرفان کو شدید زخمی کردیا۔ چٹھہ کالونی میں دکاندار محمد شفیق سے 4 لاکھ 70 ہزار اور موبائل فونز، لیاقت علی سے 2 لاکھ 25 ہزار چھین لئے۔ میاں عمر گھر سے ہزاروں روپے مالیت کا سامان چوری کرلیا گیا۔ جی ٹی روڈ پر گن پوائنٹ پر نوجوان سے موٹرسائیکل، نقدی اور موبائل چھین لی۔ مریدکے میں ڈاکوئوں نے واردات میں ناکامی پر گولی مار کر نوجوان قیصر کو زخمی کردیا۔ علاوہ ازیں کاہنہ میں ڈاکوئوں نے پٹرول پمپ پر کیشیئر سے گن پوائنٹ پر 2 لاکھ 60 ہزار روپے چھین لئے۔ علاوہ ازیں تھانہ کاہنہ کی حوالات سے تین ڈاکو فرار ہوگئے جس پر تھانے کے محرر سمیت تین پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ڈاکو اجمل، جاوید اور ذیشان ڈیوٹی پر مامور کانسٹیبل کو نشہ آور شے کھلاکر فرار ہوئے۔ تینوں ڈکیتی اور فائرنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں اور انہیں ایک روز قبل گرفتار کرکے تھانہ کاہنہ کی حوالات میں بند کیا گیا تھا۔ ملزم اجمل کا تعلق بہاولپور، جاوید کا قصور جبکہ ذیشان والٹن روڈ لاہور کا رہائشی ہے۔دوسری جانب شیخوپورہ ہائوسنگ کالونی میں تین ڈاکو واردات کیلئے گھر میں گھسے، مخبری پر پولیس کے آنے پر انہوں نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے ڈاکو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ مرنے والا ڈاکو چاند عرف بھٹی نواحی آبادی جوئیانوالہ کا رہائشی بتایا گیا ہے۔