مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے بیگم کنیز اسحاق انتقال کرگئیں، نماز جنازہ آج ہوگی، نواز شریف شہباز شریف سمیت لیگی رہنمائوں کا اظہار افسوس

05 اگست 2015

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد سے خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب ایم پی اے بیگم کنیز اسحاق علالت کے باعث انتقال کرگئیں۔ مرحومہ کی نماز جنازہ آج صبح 9 بجے منصور آباد والے قبرستان میں ادا کی جائیگی۔ ایک ماہ قبل مرحومہ کا بیٹا بھی حادثاتی موت کا شکار ہوگیا تھا جس کا صدمہ وہ برداشت نہ کرسکیں اور اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ بیگم کنیز اسحاق ایم پی اے شوگر کے مرض میں مبتلا تھیں اور چند روز قبل سیڑھیوں سے گر گئی تھیں جس کے بعد ٹانگ میں چوٹ لگنے کے بعد شدید علیل ہوگئی تھیں۔ انکا آپریشن کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ مرحومہ نے سوگواران میں دو بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے مقامی عہدیداران، اراکین اسمبلی اور کارکنوں نے بیگم کنیز اسحاق کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ مرحومہ کی وفات پر وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، ایم این اے بیگم خالدہ منصور، ایم پی ایز چوہدری رضا نصراﷲ گھمن، میاں طاہر جمیل، مدیحہ رانا، حاجی خالد سعید، نواز ملک، لیگی رہنمائوں ثاقب وڑائچ، چودھری امجد علی وڑائچ، نصیر یوسف وہرہ، چودھری محمد عالم سندھو، شہزاد یونس شیخ، چودھری ظفر اقبال سندھو کے علاوہ دیگر نے اپنے گہری دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔