ایف آئی اے حکام کی سستی‘ امریکہ سے ملنے والے 7 کروڑ 34 لاکھ استعمال نہیں ہو سکے

05 اگست 2015

لاہور (خبرنگار) امریکہ سے امداد کی مد میں ملنے والی 7 کروڑ 34 لاکھ روپے کی خطیر رقم ایف آئی اے حکام کی سستی کی وجہ سے مہینوں گزرنے کے باوجود استعمال کیلئے دستیاب نہیں ہوئی۔ ذرائع کے مطابق امریکی امداد وصول کرنے کیلئے ڈی جی ایف آئی اے کا ایک نیا بنک اکائونٹ کھولنا ضروری ہے تاکہ یہ رقم اس میں منتقل ہو سکے مگر ڈی جی ایف آئی اے کا یہ بینک اکائونٹ ہی کھل نہیں سکا۔ امریکی امداد میں سے 3 کروڑ 25 لاکھ روپے ایف آئی اے لاہور کو عمارت کی تعمیر اور 4 کروڑ 9 لاکھ روپے اسلام آباد میں این آر 3 سی کی بلڈنگ کی تعمیر کیلئے ملنی ہے۔ لاہور میں عمارت کی تعمیر کیلئے سروے مکمل ہو چکا ہے۔ ایف آئی اے کے افسر اور اہلکار جو خودکش حملے میں اپنی 6 منزلہ عمارت کے بری طرح متاثر ہونے اور بعدازاں اسے مسمار کئے جانے کے بعد سے نئی تعمیر شدہ 4 منزلہ چھوٹی عمارت میں بمشکل گزارا کررہے ہیں۔ دفتر کے اندر عارضی کمرے اور کنٹینروں میں دفتر بناکر کام چلا رہے ہیں۔ روزانہ دعا کرتے ہیں کہ امریکی امداد پہنچ جائے تاکہ ان کیلئے ایک نئی عمارت کی تعمیر شروع ہو سکے۔