پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کیلئے تیار ہیں: ایرانی سفیر

05 اگست 2015

اسلام آباد (آن لائن) ایران نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی توانائی کی تمام ضروریات پوری کرنے کے لیے تیار ہے۔ پاکستان میں ایران کے سفیر علی رضا نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران پاکستان کی توانائی کی تمام ضروریات پوری کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے حالیہ جوہری معاہدے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پہلے سے طے شدہ معاہدوں پر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے طویل المیعاد اور قلیل المیعاد تجارتی معاہدوں پر زور دیا۔ ان کاکہنا تھا کہ ایران پاکستان کی تمام بجلی، قدرتی گیس، خام تیل اور پٹرول کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تیارہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پائپ لائن سب سے آسان ترین، سستا اور انتہائی معقول روٹ ہے۔ ایران پاکستان کے سرحدی علاقوں کو پہلے ہی 74 میگا واٹ بجلی فراہم کر رہا ہے اور دونوں ممالک نے اس کو 100 میگاواٹ تک لانے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروازیں بڑھانے کے معاہدوں کو بھی عملی شکل دینے کی ضرورت ہے۔