خدمت خلق کے جذبہ سے زندگی کو سہل اور آخرت کو خوبصورت بنایا جا سکتا ہے: گورنر پنجاب
لاہور (لیڈی رپورٹر) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ خدمت خلق کے جذبے کو اپنی ذات کا حصہ بنا کر ہم اپنی زندگی کو سہل اور آخرت کو خوبصورت بنا سکتے ہیں۔ انسانی تاریخ گواہ ہے کہ جنہوں نے خدمت انسانیت کو اپنا شعار بنایا وہ مرنے کے بعد زندہ و جاوید رہے اور ہمیشہ کیلئے امر کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو عام زندگی میں واپس لانے اور ان کی تربیت کرنے والے درحقیقت عظمت انسان کی معراج پر ہیں جو دنیا اور آخرت میں یقینا ممتاز مقام حاصل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی بچوں کی تربیت کے ادارے رائزنگ سن ایجوکیشن اور ویلفیئر سوسائٹی کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ خصوصی بچے کسی بھی لحاظ سے صلاحیتوں کے اعتبار سے عام انسان سے کم نہیں بلکہ قدرت نے اگر ان کی کسی ایک حس میں کمی کی ہے تو کسی دوسری حس میں غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے والدین کو چاہیے کہ وہ خصوصی بچوں کو معذور سمجھ کر گھر میں بٹھا دینے کی بجائے انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کیلئے کوشش کریں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بے شمار ایسی زندہ مثالیں موجود ہیں کہ خصوصی افراد نے اپنی محنت اور لگن کے بل بوتے پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ تقریب سے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر عبدالتواب خاں اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔