پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے جنون کی حد تک لگائو رکھتی ہے: مشاہد اللہ خان

05 اگست 2015

اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر) وفاقی وزیر موسمیاتی تغیرات مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے جنون کی حد تک لگائو رکھتی ہے۔ اسلام آباد کے نوجوان اور باصلاحیت کرکٹر عماد وسیم نے جس خود اعتمادی اور پیشہ ورانہ انداز میں سری لنکا کے خلاف فیصلہ کن ٹی20-میچ دلایا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے، عماد وسیم کی صورت میں قومی کرکٹ ٹیم کو ایک مکمل آل رائونڈر مل گیا ہے، ہماری دعاء ہے کہ عماد وسیم قومی کرکٹ ٹیم کیلئے ایک طویل عرصے کیلئے کھیلے۔وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ میں ڈائمنڈ کرکٹ کلب کی جانب سے عماد وسیم کے اعزاز میں منعقدہ عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ شکیل شیخ ‘آل رائونڈر سہیل تنویر، آل رائونڈر عماد وسیم اور اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر سید ابرار رضوی نے بھی خطاب کیا۔ شکیل شیخ نے اعلان کیا کہ عماد وسیم کو جلد ایک اور تقریب میں آئی سی اے گولڈ میڈل بھی دے گی۔