ہلال احمر 85ہزار ریلوے ملازمین کو فرسٹ ایڈ کی تربیت دے گا

05 اگست 2015

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ ہلالِ احمر کے تعاون سے ریلوے ملازمین کو فرسٹ ایڈ، بلڈ سکریننگ کی تربیت دی جائے گی۔ ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الٰہی کی زیر قیادت وفد سے اہم میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اِس سلسلے میں دونوں اداروںکے دو دو ملازمین پر چار رکنی کمیٹی قائم کی جوفزیبلٹی رپورٹ تیار کرے گی۔ فرسٹ ایڈ کی تربیت انسانی جانیں بچانے کیلئے ضروری ہے۔ ہلالِ احمر تربیت کے ساتھ ساتھ محکمہ ریلوے کو فائر فائٹنگ اور ریسکیو آلات کی فراہمی میں مدد کرے۔ ڈاکٹر سعید الٰہی نے کہا کہ ہلالِ احمر ریلوے کے 85ہزار ملازمین کو فرسٹ ایڈ اور بلڈ سکریننگ کی تربیت دینے کے ساتھ ساتھ ہر مسافر و کارگو ٹرین میں فرسٹ ایڈ باکس بھی فراہم کرے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل ہلال احمر ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈائریکٹر آپریشن غلام محمد اعوان، ڈائریکٹر ہیلتھ اینڈ ٹریننگ ڈاکٹر مسعود فاضل بھی موجود تھے۔