سسٹم کی بہتری کیلئے ٹیوٹا ٹیلی کام ادارے کی خدمات حاصل کرے گی : عرفان قیصر
لاہور ( لیڈی رپورٹر)ٹیوٹا صوبہ بھر میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سسٹم کی ترقی کیلئے ٹیلی کام ادارے کی خدمات حاصل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے یو فون کے چار رکنی وفد کے ساتھ گزشتہ روز ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرنیشنل منیجر کارپوریٹ سیلز طارق بیگ، کارپوریٹ سیلز منیجر سائوتھ ریجن ولی محمد، ریجنل سیلز منیجر انٹر پرائز سلوشن خرم ضرار، اسسٹنٹ منیجر سید احسن رضا زیدی، چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، ٹیوٹا افسران حامد غنی انجم، عبدالقیوم، اظہر اقبال شاد، اختر عباس بھروانہ، سرفراز انوار اور دیگر بھی موجود تھے۔ عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیلی کام ادارے کی خدمات سے صوبہ بھر کے زیر تربیت نوجوانوں کو وظائف کی منتقلی مناسب طریقے سے ہوسکے گی۔ ٹیوٹا اپنے افسران اور اداروں میں کام کرنے والے اساتذہ کو ٹیلی کام ادارے کی سم فراہم کرکے مختلف پیکج سے استفادہ کر ے گی۔ ان خدمات سے اساتذہ کی نقل و حمل کو بھی مانیٹر کیا جا سکے گا۔ نیشنل منیجر کارپوریٹ سیلز طارق بیگ نے کہا کہ یو فون مختلف اداروں کو خصوصی پیکج فراہم کر رہا ہے جس میں یو فون سے یو فون اور پی ٹی سی ایل پر مفت کال، یو پیسہ کے ذریعے رقوم کی منتقلی، اداروں میں کام کرنے والے اساتذہ کی چیکنگ وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ یو فون کی مختلف سروسز سے استفادہ کرنے سے صوبہ بھر میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سسٹم میں مزید بہتری آئے گی۔