ٹرانزکشن ٹیکس پر تاجر برادری کو جلد خوشخبری دینگے : خواجہ تنویر اشرف

05 اگست 2015

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) بنک ٹرانزیکشن ٹیکس کے معاملے میں انشاء اللہ تاجر برادری کوایک دو روز میں خوشخبری دیں گے‘ہارون اختر اور میاں منان کے ساتھ ہونے والا مذاکرات کا دورانتہائی مثبت رہا ہے اور انشاء اللہ مذاکرات سے ہی مسئلہ کا حل نکل آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن)ٹریڈرز ونگ پنجاب کے نائب صدر خواجہ تنویر اشرف نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولی کے لئے ایف بی آر کا طریقہ کار درست نہیں‘میاں نواز شریف اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لے کر مسئلہ حل کرائیں‘حکومت ایف بی آر کے چنگل سے باہر نکلے‘ ہم تاجروں کے مفادات پر سودے بازی نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت تاجر دوست حکومت ہے لیکن حالیہ بنک ٹرانزیکشن پر ٹیکس سمجھ سے بالاتر ہے۔