کراچی سٹاک مارکیٹ تیز، بینکنگ اور توانائی سیکٹر میں حصص کی خریداری باعث بننی: لاہور میں مندے کا رجحان

05 اگست 2015

کراچی +لاہور(مارکیٹ رپورٹر+کامرس رپورٹر)کراچی سٹاک ایکسچینج میں تیزی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس کی 35900کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی ۔سرمایہ کاری مالیت میں7ارب61کروڑ روپے سے زائد اضافہ ہوا۔ کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت5.88فیصدزائد رہا ۔تفصیلات کے مطابق پٹرولیم ،توانائی اور بینکنگ سیکٹر میں خریداری کے باعث مندے کے اثرات زائل ہوگئے اور کے ایس ای 100انڈیکس ایک موقع 35961پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم اتارچڑھاؤ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا ۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 97.15 پوائنٹس اضافے سے 35921.71پوائنٹس پر بند ہوا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں7ارب61 کروڑ 57 لاکھ 6 ہزار173روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 77 کھرب 14 ارب 11 کروڑ 17 لاکھ16ہزار90روپے ہوگئی۔دریں اثناء لاہور سٹاک ایکسچینج میں مندے کا رجحان رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 28.25 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 6127.03 پر بند ہوا۔ 93 کمپنیوں کے حصص میں کاروبار ہوا۔ 18 کے حصص میں اضافہ ہوا۔ 23 کے حصص میں کمی ہوئی جبکہ 52 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ مارکیٹ میں کل 22 لاکھ 86 ہزار 200 حصص کا کاروبار ہوا۔