لاہور ، فیروزوالا میں ٹریفک حادثات، خاتون سمیت 5 افراد ہلاک، 5 شدید زخمی
لاہور/فیروز والا (نامہ نگار) ٹریفک حادثات خاتون سمیت 4 افراد ہلاک جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سٹی رائے ونڈ کے علاقہ میں تیز رفتار کار نے سائیکل سوار شخص کو کچل کرہلاک کر دیا۔ دریں اثناء ملت پارک کے علاقہ میں چند روز قبل رکشے کی ٹکر سے زخمی ہونے والی چار بچوں کی ماں کنول گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہو تے ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ تھانہ مناواں کے قریب تیز رفتار ی کے باعث پک اپ الٹ گئی، جس کے نتیجہ میں پانچ افراد ظہیر، جاوید، اکرام وغیرہ زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ دریں اثناء فیروز والا میں بنگلہ پلی کے قریب تیز رفتار گاڑی نے سڑک کنارے کھڑے شخص ریاض کو روند ڈالا۔ لاہور روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ہلاک ہو گیا۔ رحمن پورہ کا رہائشی 4 بچوں کا باپ ارشاد الحق موٹر سائیکل پر لٹن روڈ کے علاقہ میں ملتان روڈ پر جا رہا تھا کہ اسے پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ٹرالے نے ٹکر مار دی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔