جیلوں میں فول پروف سکیورٹی اور انسداد ڈینگی اقدامات سخت کرنے کی ہدایت
لاہور (نامہ نگار) جیلوں میں ڈینگی کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کی خصوصی ہدایت پر ڈی آئی جی ملک مبشر احمد خان نے سکیورٹی اور انسداد ڈینگی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے لاہور ریجن کی جیلوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جیلوں میں فول پروف سکیورٹی اور ڈینگی کی روک تھام کیلئے انتظامات میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ ڈی آئی جی ملک مبشر احمد خان نے جیلوں میں کچن، بیرکوں ہسپتال اور دیگر مقامات کا خصوصی طور پر معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سپرنٹنڈنٹس کو ہدایات دیں کہ قیدیوں، حوالاتیوں کو صحت و صفائی کی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے جیل اہلکاروں کو بھی صحت کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔