عوامی تحریک، ق لیگ نے یوم شہداء کو انقلاب مارچ میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی کر لی
لاہور (جواد آر اعوان/ دی نیشن رپورٹ) عوامی تحریک اور ق لیگ نے 10اگست کے یوم شہداء کو انقلاب مارچ میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ ق لیگ کے ایک رہنما نے ’’دی نیشن‘‘ کو بتایا کہ یوم شہداء انقلاب مارچ کا لانچنگ پیڈ بن جائے گا اور اس میں اسلام آباد کی طرف انقلاب مارچ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ انقلاب مارچ کے اعلان کے بعد ق لیگ، سنی اتحاد کونسل، مجلس وحدت المسلمین، عوامی تحریک کی سربراہی میں لاہور سے 12 اگست کو گجرات کی طرف روانہ ہوں گے۔ رات گجرات میں گزار کر 13اگست کو مارچ اسلام آباد روانہ ہو گا اور توقع کی جا رہی ہے کہ 14 اگست کو تحریک انصاف کے آزادی مارچ سے پہلے ہی اسلام آباد میں داخل ہو جائے گا۔ رہنما نے کہا کہ انقلاب مارچ کے حامیوں کا ایک اجلاس کل ق لیگ کی ہائی کمانڈ کی رہائش گاہ ظہور الٰہی لین میں متوقع ہے جس میں طاہرالقادری بھی شرکت کریں گے۔ چودھری برادران کی رہائش گاہ میں طاہرالقادری کی آمد پہلی مرتبہ ہو گی۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے آڈیو ٹیپس کو منظر عام پر لانے کے وقت کا تعین بھی آئندہ چند روز کے اجلاسوں میں کیا جائے گا۔ اس حوالے سے عوامی تحریک کے سینئر رہنما ڈاکٹر رحیق عباسی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے براہ راست تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہم طاہرالقادری کی ہدایت پر کسی بھی وقت انقلاب مارچ کے لئے تیار ہیں۔ دوسری طرف ق لیگ کے ایک اجلاس میں یوم شہداء کے موقع پر کارکنوں کو 7روز کی خوراک ساتھ لے جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یوم شہدائ/ انقلاب