شہباز شریف کے وزیراعلیٰ ہوتے شہدا ماڈل ٹائون کو انصاف نہیں مل سکتا: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ظلم کی سیاہ رات ختم ہونے والی ہے، سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ دار سزا سے نہیں بچ سکیں گے، شہباز شریف کے وزیراعلیٰ ہوتے ہوئے شہدا کے ورثا کو انصاف نہیں مل سکتا نہ ہی اصل مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکتا ہے، اگست کا مہینہ فیصلہ کن ہے اس میں تبدیلی آکر رہے گی، طویل جدوجہد کے بعد آپ کی محنت رنگ لانے والی ہے، ہمیں عوام دشمن حکومت سے چھٹکارا ملنے والا ہے لیکن اس کیلئے گرتی ہوئی دیوار کو ایک زور دار دھکا دینا ہوگا، 10 اگست کو لاہور میں سانحہ ماڈل ٹائون کے شہدا کا دن ہے اس میں ہم نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بھرپور شرکت کرنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ حکمرانوں نے ایک سال میں ملک کو مسائلستان بنا دیا ہے، غربت، بیروزگاری اور لاقانونیت میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے، ڈکیتی اور چوری کی وارداتیں اتنی بڑھ چکی ہیں کہ لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوچکے ہیں۔ ناکام حکمران عوامی مارچ سے بچنے کیلئے فوج کی چھتری تلے چھپنا چاہتے ہیں، حکمران سن لیں کہ پاک فوج کو عوام سے لڑانے کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی، پاک فوج آئین کی بالادستی اور مسائل سے تنگ عوام کو حکمرانوں کیخلاف احتجاج سے کبھی بھی نہیں روکے گی۔