جماعۃ الدعوۃ کا اسرائیلی بربریت کیخلاف جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج منانے کا اعلان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ پاکستان نے فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف 8 اگست جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج، 10 اگست کو کراچی اور ملتان، 17 اگست کو پشاور اور سکھر میں یکجہتی فلسطین کارواں اور بڑے جلسوںکے انعقاد کا اعلان کر دیا۔ ملک بھر کی مذہبی، سیاسی وسماجی تنظیموں سے رابطوں کیلئے سات رکنی رابطہ کمیٹی قائم کر دی گئی۔ پانچوں صوبوں و آزاد کشمیر میں ہونے والے پروگراموں میں قومی دینی و سیاسی قیادت کو شریک کیا جائیگا تاکہ عالمی سطح پر مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے بدترین مظالم کے خلاف مضبوط آواز بلند کی جاسکے۔ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اجاگر کرنے کیلئے عوامی مقامات پر کیمپنگ کی جائیگی۔ یہ فیصلے امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کی زیرصدارت مرکز القادسیہ چوبرجی میں ہونے والے مرکزی، صوبائی و ضلعی ذمہ داران کے ایک اجلاس میں کئے گئے۔ اجلاس میں جماعۃ الدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کی سربراہی میں قائم کی جانے والی رابطہ کمیٹی میں مولانا امیر حمزہ، مولانا سیف اللہ خالد، قاری یعقوب شیخ، انجینئر نوید قمر، محمد یحییٰ مجاہد اور حافظ خالد ولید شامل ہیں۔ کمیٹی میں شامل قائدین ملک بھر کی دینی، سیاسی و سماجی جماعتوں‘ تاجر، وکلاء رہنمائوں، عسکرین ماہرین اور سول سوسائٹی سے وابستہ اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے اور اس بات پر مشاورت کی جائے گی کہ مظلوم فلسطینیوں کو غاصب اسرائیل کے مظالم سے نجات دلانے اور غزہ کی ناکہ بندی ختم کروانے کیلئے کس طرح بہتر کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔ امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید کی طرف سے ملک بھر کے صوبائی و ضلعی ذمہ داران کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ 8 اگست جمعہ کو لاہور سمیت ملک بھر کے ہر شہر میں گلی محلہ کی سطح پر یکجہتی فلسطین ریلیوں، احتجاجی مظاہروں، جلسوں، کانفرنسوں اور اجتماعی خطبات جمعہ کا انعقاد کیا جائے تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پوری پاکستانی قوم اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اسرائیلی جارحیت ودہشت گردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ حافظ عبدالرحمن مکی کی قیادت میں قائم کی گئی رابطہ کمیٹی آج منگل سے باقاعدہ مختلف جماعتوں کے قائدین سے رابطوں و ملاقاتوں کا آغاز کر رہی ہے۔ اجلاس کے دوران حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت اس وقت امت مسلمہ کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ حکومت پاکستان اور سیاسی جماعتوںکو چاہئے کہ وہ باہمی اختلافات ترک کر کے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری اور غزہ کی ناکہ بندی ختم کروانے کی کوشش کریں۔ اس سلسلے میں سب سے بڑی ذمہ داری ایٹمی پاکستان کے حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کو چاہئے کہ وہ قائداعظمؒ کے حقیقی وارث ہونے کا کردار اد اکرتے ہوئے اسلامی سربراہی کانفرنس بلائیں اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے عملی کوششیں کریں۔
یوم احتجاج