آسٹریلیا نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کیلئے 14 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا
سڈنی(این این آئی)آسٹریلیا نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کیلئے 14 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔ آف سپنر نیتھن لائن، آل رائونڈرز مچل مارش اور بین کٹنگ سکواڈ میں جگہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔ جنوری 2013 میں اپنا آخری ون ڈے کھیلنے والے فاسٹ بائولر کین رچرڈسن بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے لسٹ اے میچ میں ڈبل سنچری سکور کرنیوالے فلپ ہیوز کو سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ،اوپننگ بیٹسمین ڈیوڈ وارنر متوقع بچے کی پیدائش کی وجہ سے دستیاب نہیں ہونگے۔ آسٹریلیا کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے اعلان کردہ سکواڈ میں مائیکل کلارک (کپتان)، ایرن فنچ، شین واٹسن، جارج بیلی، سٹیون سمتھ، گلین میکسویل، بریڈ ہیڈن (وکٹ کیپر)، مچل مارش، جیمز فاکنر، مچل جونسن، بین کٹنگ، مچل سٹارک، کین رچرڈ سن اور نیتھن لائن شامل ہیں۔ سہ ملکی ون ڈے سیریز 25 اگست سے 6 ستمبر تک زمبابوے میں کھیلی جائیگی جس میں میزبان زمبابوے، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔