کروڑوں کی نادہندہ بزنس ٹرین پر سول عدالت کی جانب سے حکم امتناعی معطل‘ انتظامیہ سے جواب طلب
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے مسٹرجسٹس خالد محمود خان نے کروڑو ں روپے کی نادہندہ بزنس ٹرین پر سول عدالت کی جانب سے دیا گیا حکم امتناعی معطل کرتے ہوئے بزنس ٹرین انتظامیہ سے جواب طلب کر لیا۔ دوران سماعت ریلوے کے وکیل محمد علی نے موقف اختیار کیا کہ بزنس ٹرین انتظامیہ طے پانے والے معاہدے پر عمل نہیں کر رہی جسکی وجہ سے ریلوے کو گیارہ لاکھ روپے روزانہ کے حساب سے خسارے کا سامنا ہے۔ معاہدے کے مطابق فور برادرز کمپنی محکمہ کو روزانہ 33لاکھ روپے دینے کی پابند ہے مگر اس وقت کمپنی کی طرف سے22لاکھ روپے روزانہ کے حساب سے ادائیگی کی جا رہی ہے۔ مذکورہ کمپنی بطورٹرین انتظامیہ اب تک پونے آٹھ کروڑ روپے کی نادہندہ ہونے کے باوجود اپنے ذمہ واجب الادا رقم واپس نہیں کر رہی مگر اسکے باوجود سول عدالت نے حکم امتناعی جاری کر رکھا ہے۔