عدالتی حکم عدولی‘ 6 ایس ایچ اوز کی تنخواہیں قرق‘ 17 اہلکاروں کے وارنٹ
لاہور ( اپنے نامہ نگار سے)سیشن کورٹ نے عدالتی حکم عدولی کرنے پر 6 تھانوں کے ایس ایچ اوز کی تا حکم ثانی تنخواہ قرق کرنے اور اہلکاروں کے وارنٹ ناقابل ضمانت جاری کیے ہیں۔ایڈیشنل سیشن جج عبدالقیوم خاں نے زیر سماعت مقدمات میں گواہان کی حاضری کے لئے بار بار تھانیداروں کو طلبی نوٹس جاری کئے جس کی حکم عدولی پر فاضل جج نے سی سی پی او کو ایس ایچ اوز کی تنخواہ قرق کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ جن ایس ایچ اوز کی تنخواہ کی قرقی کا حکم جاری کیا گیا ان میں تھانہ فیکٹری ایریا، برکی، نو لکھا، فیکٹری ایریا ، چوہنگ ، نشتر کالونی اور اچھرہ کے ایس ایچ اوزشامل ہیں۔فاضل عدالت نے سی سی پی او کو حکم دیا کہ تا حکم ثانی تنخواہیں جاری نہ کی جائیں۔ علاوہ ازیں سیشن عدالتوں کے ڈیوٹی مجسٹریٹ صاحبان نے مختلف نوعیت کے مقدمات میں عدالتی حکم عدولی کرنے پر 17 پولیس اہلکاروں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دے ہیں۔ عدالتوں نے40 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کر لی ہے۔ فاضل عدالتوں نے جن افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے ان میں تھانہ شمالی چھائونی ، تھانہ مصری شاہ ، قلعہ گجر سنگھ ، تھانہ شاد مان ، تھانہ لیٹن روڈ اور تھانہ لاری اڈا کے اہلکار و افسران شامل ہیں۔