چودھری برادران کا قادری کی گود میں بیٹھنا جمہوری سوچ کے منہ پر طمانچہ ہے: برجیس طاہر
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چودھری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کا غیر جمہوری قوتوں کے چرنوں میں بیٹھنا افسوسناک ہے۔ چودھری برادران اور شیخ رشید جس طرح طاہرالقادری کی گود میں جاکر بیٹھے ہیں وہ جمہوری سوچ کے منہ پر طمانچہ ہے۔ طاہرالقادری نہ تو سیاستدان ہیں اور نہ ہی جمہوری و سیاسی جماعت کی نمائندگی کرتے ہیں بلکہ وہ ایک غیر جمہوری و غیر سیاسی سوچ کے ترجمان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جمہوریت کی پیٹھ پر وار کرنے کیلئے شجاعت، پرویز الٰہی، شیخ رشید نئے آقائوں کی تلاش میں ہیں۔