شامی باغیوں اور لبنانی فوج میں تازہ جھڑپیں،16 اہلکاروں سمیت52 ہلاک
بیروت(این این آئی)شامی باغیوں اورلبنانی فوج کے درمیان خونی جھڑپیں جاری ہیں جس کے نتیجے میں مزید 16لبنانی فوجی مارے گئے جبکہ 36 باغی بھی ہلاک ہوگئے۔ ترجمان اسلام پسند شامی گروہ النصرہ فرنٹ کے مطابق شامی باغیوں نے ارسل قصبے کے قریب پہاڑیوں پر پوزیشنیں سنبھال لیں، باغیوں نے کئی لبنانی پولیس اہلکاروں اورفوجیوں کو بھی یرغمال بنالیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پیر کو لبنانی وزارت دفاع نے جاری ایک بیان میں کہاکہ شامی باغیوں کے ساتھ تازہ لڑائی میں 16 لبنانی فوجی مارے گئے ،یہ تصادم شام لبنانی فوجیوں کے اسلام پسند شامی گروہ النصرہ فرنٹ کے ایک مبینہ رکن کو حراست میں لینے کے بعد شروع ہواجس کے بعد باغیوں نے اپنے رکن کی رہائی کے لیے شام سے ملحق سرحدی شہر ارسل پر حملہ کر دیا،وزارت دفاع کے بیان کے مطابق شامی باغیوں نے مہاجرکیمپوں میں پناہ لے رکھی تھی جس پر کارروائی کی گئی،ادھر النصرہ فرنٹ کے ایک ترجمان نے امریکی خبررساں ادارے کو بتایاکہ وہ اپنے ایک رہنما عماد جمع کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ دریں اثناء لبنان کی سکیورٹی فورسز کی شامی باغیوں سے جھڑپیں تیسرے دن بھی جاری ہیں جبکہ لبنان کے سرحدی شہر آرسل سے ہزاروں افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔