عید کے سٹیج ڈرامے
کلچرل رپورٹر
فلموں کی طرح سٹیج ڈراموں کے حوالے سے بھی عید کا تہوار نہایت ہی سود مند ہوتا ہے۔ ملک بھر میں عید کے موقع پر نئے سٹیج ڈرامے لگتے ہیں۔ سب سے زیادہ سٹیج ڈرامے پنجاب میں ہوتے ہیں اور پنجاب میں ان کا گڑھ ثقافتی مرکز لاہور ہے۔ اس عید پر لاہور کے ایک ڈرامہ ہال تماثیل کی خصوصی طور پر تزئین و آرائش کی گئی جو تماثیل تھیٹر کی نئی انتظامیہ نے کی۔ تھیٹر کی نئی انتظامیہ نے اس تزئین و آرائش کے بعد ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا جس کے مہمان خصوصی تماثیل تھیٹر کے چیئرمین سید افضال احمد تھے۔ تقریب کے دیگر شرکاء میں عرفان کھوسٹ، راشد محمود، مدیحہ شاہ، کرینہ جان، ثوبیہ خان، سنہری خان، سونو، سدرہ نور، سرفراز وکی، ملک طارق، قیصر ثناء اللہ، راجہ شہزاد قمر، چودھری اعجاز کامران، میاں امجد فرزند، جرار رضوی، پرویز کلیم، شہزاد رفیق، فیاض خان شامل تھے۔ اس ہال میں ’’ویلکم میرا‘‘ کے نام سے سٹیج ڈرامہ پیش کیا گیا جس کے پروڈیوسر راجہ شہزاد قمر اور قیصر ثناء اللہ خان تھے۔ اس ڈرامے کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس میں مرکزی کردار معروف فلم سٹار اور سیکنڈلز کی ’’ملکہ‘‘ میرا نے ادا کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈرامہ ویلکم میرا فلم سٹار میرا کے فنی کیرئر کا پہلا سٹیج ڈرامہ ہے۔ اس ڈرامے میں انہوں نے بھارت کے مقبول فلمی گیت ’’بے بی ڈول میں سونے دی‘‘ سمیت چار گانوں میں پرفارم کیا۔ ان کی پرفارمنس لوگوں نے پسند کی۔ ذرائع کے مطابق اس ڈرامے کے ایک سپیل میں پرفارمنس کا معاوضہ 20لاکھ روپے لیا ہے جو کہ پاکستان کے تھیٹر کی تاریخ میں کسی فنکار کا سب سے زیادہ معاوضہ ہے۔ اس سے قبل نرگس کا 15لاکھ روپے کا ریکارڈ ہے۔ اس ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں کرینہ جان، ثوبیہ خان، سنہری، نواز انجم، چاند برال، شیریں خان، عظیم وکی، الیاس نجم، بدر خان اور ظفر ارشاد شامل ہیں۔
عید پر ایک سٹیج ڈرامہ ’’ہن موجاں ای موجاں‘‘ کے نام سے شالیمار تھیٹر میں پیش کیا گیا اس ڈرامے میں مرکزی کردار ٹی وی، فلم اور تھیٹر کی معروف اداکارہ ماہ نور نے ادا کیا۔ دیگر کاسٹ میں لکی ڈیئر، سیمی خان، سارہ رضا اور سرفراز وکی شامل ہیں۔ ڈرامے کے پروڈیوسر حسن طارق اور علی طارق ہیں۔ اس ہال کے چیئرمین ملک طارق ہیں۔
عید پر ’’سلکی‘‘ کے نام سے ایک سٹیج ڈرامہ الفلاح تھیٹر میں پیش کیا گیا۔ اس ڈرامے میں مرکزی کردار اداکارہ خوشبو نے کیا۔ دیگر کاسٹ میں ظفری خان، افتخار ٹھاکر، نرما، آفرین خان، سجنی، امانت چن، نسیم وکی، فائزہ، کومل ناز، ثناء بٹ، ندیم چٹا، علی ناز اور آصف اقبال شامل ہیں۔ اس ڈرامے کے پروڈیوسر ارشد چودھری اور آرگنائزر سلیم اختر درانی ہیں۔ عید پر ایک سٹیج ڈرامہ عید حسینوں کی کے نام سے محفل تھیٹر میں پیش کیا گیا۔ اس ڈرامے میں ندا چودھری نے مرکزی کردار ادا کیا دیگر کاسٹ میں ناصر چنیوٹی، طاہر انجم، قسمت بیگ، ہنی شہزادی، ہنی البیلا، گلفام، سلیم البیلا، آغا ماجد، علی خان، رضی خان، اسلم مستانہ اور جیا بٹ شامل ہیں۔ اس ڈرامے کی رائٹر اور ڈائریکٹر ناہید خانم ہیں۔
عید پر ایک نیا سٹیج ڈرامہ ’’چسکے عید دے‘‘ کے نام سے ناز تھیٹر میں پیش کیا گیا۔ اس ڈرامے کے رائٹر ڈائریکٹر ڈاکٹر اجمل ملک ہیں۔ کاسٹ میں سونیا سیٹھی، نگار چودھری، شامین، شانزہ، بینش خان، ثمرہ نور، طاہر نوشاد، کوڈو، افضل بوبی، عامر سوہنا، کاشف پرنس، وسیم پنوں اور عمران شوکی شامل ہیں۔ عید پر ایک ڈرامہ الحمرا تھیٹر بھٹہ چوک بیدیاں روڈ میں پیش کیا گیا۔ اس ڈرامے کا نام ’’سوہنیوں ویلکم ویلکم‘‘ ہے اس کی کاسٹ میں ثانیہ چودھری، زریں لعل، سنگھم رانا، شمع رانا، بابر علی، زویا علی، رانی شامل ہیں۔ عید پر پنجاب ہال باغ جناح میں ’’عید عاشقاں دی‘‘ کے نام سے ڈرامہ پیش کیا گیا۔ اس ڈرامے کی کاسٹ میں غلام عباس، عیشا ملک، نگینہ خان شامل ہیں۔ اداکارہ میگھا نے اس عید پر راکسی تھیٹر گوجرانوالہ میں ڈرامہ کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ عید پر تمام تھیٹروں پر رش رہا اور لوگوں نے خوب تفریح کی اور ڈرامہ پروڈیوسروں نے خوب کمائی کی۔