راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) حکومتی ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق افغان سٹیزن کارڈ کے حامل افراد کی گرفتاریاں شروع کردی گئی ہیں اور 50 سے زائد افغان شہریوں کو رفیوجی کیمپ منتقل کردیا گیا ہے۔ افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے خاندانوں کو بھی تحویل میں لیکر کیمپ منتقل کیا جائے گا۔ کارڈ کے حامل افراد کو کیمپ سے افغانستان بھجوایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پولیس کا مختلف علاقوں میں آپریشن جاری ہے اور یہ روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ غیر قانونی افغان مہاجرین کے انخلا کی 31 مارچ 2025 کی ڈیڈلائن ختم ہو چکی ہے اور حکومت نے گزشتہ روز سے ان کی بیدخلی کے عمل کا آغاز کر دیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق عید کی تعطیلات کے باعث یہ عمل یکم اپریل کو شروع نہیں ہو سکا تھا لیکن اب ملک بھر میں غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ نجی ٹی وی کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اس وقت مجموعی طور پر 21 لاکھ رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین موجود ہیں جبکہ وزارت سیفران کے ذرائع کے مطابق 14 لاکھ افغان مہاجرین قانونی طور پر رجسٹرڈ ہیں اور 8 لاکھ افغان شہری ایسے ہیں جو ’افغان سٹیزن کارڈ‘ رکھتے ہیں لیکن ان کے قیام کو اب غیر قانونی تصور کیا جا رہا ہے۔
ڈیڈلائن خاتمہ پر : افغان شہروں کیخلاف کارروائی تیز‘ 50سے زائد کارڈ ہولڈ ر فیوجی کیمپ منتقل
Apr 05, 2025