نئی دہلی (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) بھارتی لوک سبھا کے بعد بھارتی راجیہ سبھا میں بھی متنازعہ وقف ترمیمی بل منظور کر لیا گیا جبکہ راجیہ سبھا میں سخت گیر ہندو تنظیم شیو سینا بھی متنازعہ وقف ترمیمی بل کے خلاف بول پڑی۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق متنازعہ وقف ترمیمی بل کو راجیہ سبھا میں ایک طویل بحث کے بعد منظور کیا گیا جس کے حق میں 128 ووٹ جبکہ مخالفت میں 95 ووٹ پڑے۔ علاوہ ازیں بھارت میں اپوزیشن جماعتوں نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے منظور متنازعہ وقف ترمیمی بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے متنازعہ بل کی آئینی حیثیت کو چیلنج کیا۔ متنازعہ بل کے خلاف احمد آباد‘ کولکتہ‘ چنائی سمیت بھارت بھر میں مظاہرے جاری ہیں۔
بھارتی راجیہ سبھا سے بھی متنازعہ وقف ترمیمی بل منظور‘ سپریم کورٹ میں چیلنج
Apr 05, 2025